حیدرآباد (نمائندہ آر ایس ایف) مورخہ 19 جون 2017ء کو سندھ پروگریسو فورم کی جانب سے عظیم انقلابی رہنما کامریڈ چے گویرا کی 89ویں سالگرہ کے موقع پر قاسم آباد حیدرآباد میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس میں مختلف تنظیموں سمیت طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار کے آغاز میں کامریڈ چے گویرا کی یاد میں کیک کاٹا گیا جس کے بعد امجد عباسی نے تمام آئے مہمانوں کو خوش آمدید کیا اور موضوع کا تعارف کروایا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انقلابی طلبہ محاذ (RSF) کے رہنما راہول نے کہا کہ کامریڈ چے گویرا کی انقلابی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آج ہم چے کو ایک ایسے وقت میں یاد کررہے ہیں جب سماج میں ہر طرف مایوسی اور بربریت کا سماں ہے۔ مشال خان جیسے طلبہ کو قتل کیا جارہا ہے اوردوسری جانب تعلیمی اداروں میں انتظامیہ سمیت ریاستی جارحیت زورو شور سے جاری ہے جہاں طلبہ کو مسائل کے خلاف بات کرنے پر ان کی آواز کو دبا دیا جاتا ہے۔ ایسے میں ہم پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم چے کی زندگی سے سبق سیکھتے ہوئے اُن کے ادھورے سفر کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چے کی ساری زندگی انقلابی واقعات سے بھرپور تھی، انہوں نے اپنے میڈیکل کیریئر کو ترک کرکے انقلابی راستہ اختیار کیا اور ایک بہترین انقلابی لیڈر ثابت ہوئے، اُنہیں اکثر قوم پرست لیڈر قرار دیا جاتا ہے لیکن حقیقت میں وہ مارکسزم کے بین االاقوامی نظریے سے منسلک تھے اور عوام کو تمام معاشی مسائل سے آزاد کرکے سوشلسٹ انقلاب برپا کرنا ہی ان کا مقصد تھا۔ وہ اپنی زندگی کے آخری لمحے تک کیوبا کے انقلاب کو لاطینی امریکہ اور پوری دنیا میں پھیلانے کی جدوجہد کرتے رہے۔ امریکی سامراج کی ایما پر سی آئی اے نے انہیں قتل کرا دیا گیا، لیکن وہ صرف جسمانی قتل تھا۔ تاریخ چے کو کبھی قتل نہیں کرسکتی اور نہ ہی ان کے نظریات کو۔
دیگر مقریرین میں کمیونسٹ پارٹی کے رہنما اقبال اور امداد قاضی، سندھ پروگریسو فارم کے رہنما علی حیدر، ایس ٹی پی کے مرکزی رقادر چنا اور پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے رہنما امتیاز خان شامل تھے۔ جنہوں نے چے کے نظریات، شخصیت اور جدوجہد پر تفصیل سے بات کی۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض یامین نے ادا کئے جبکہ شاہ زمان اورکامریڈ نتھو مل نے چے کی یاد میں انقلابی نظمیں پڑھیں۔