کوئٹہ (حسن جان) پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیر اہتمام منگل 25 جون 2019ء کو مزدور دشمن وفاقی بجٹ کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں پی ٹی یو ڈی سی کے کارکنان، نوجوانوں، محنت کشوں اور مختلف ٹریڈ یونینز سمیت مارٹن ڈاؤ مارکر فیکٹر ی ایمپلایز یونین، پیپلز یونٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے وفاقی بجٹ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس احتجاجی مظاہرے سے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی چیئرمین نذرمینگل، پیرامیڈیکل ایسو سی ایشن کے علی رضا منگول اور مرک فیکٹری کے غلام رسول نے خطاب کرتے ہوئے وفاقی بجٹ کو مسترد کیا اور کہا کہ یہ بجٹ سامراجی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کا مرتب کردہ ہے جس کا مقصد سرمایہ داروں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کو زیادہ سے زیادہ مراعات فراہم کرنا ہے۔ مہنگائی اور بیروزگاری آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں اور جب ان ظالمانہ اقدامات کے خلاف کوئی بات کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اسے غائب کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا موجودہ جبر دراصل ان کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے اور وہ وقت دور نہیں جب محنت کش طبقہ ان ظالم حکمرانوں کے خلاف اٹھ کر ان کے زر کے نظام کو اکھاڑ پھینک کر اس سرزمین پر مزدور راج قائم کریں گے۔