مظفرآباد (طارق چغتائی) آل سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے زیر اہتمام مطالبات کے حق میں دس روزہ ہڑتال کے بعد ان کے مطالبات منظور کر لئے گئے ہیں۔ ملازمین نے دس روز تک روزانہ کی بنیاد پر سیکرٹریٹ کے سبزہ زار میں احتجاجی کیمپ لگاتے ہوئے احتجاج کیا، جس میں سینکڑوں کی تعداد میں ملازمین شریک رہے۔ گیارہ نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر سیکرٹریٹ ایمپلائز گزشتہ لمبے عرصہ سے وقفے وقفے کے ساتھ احتجاج کرتے رہے ہیں۔ حکومت مطالبات تسلیم توکر رہی تھی‘ جس کیلئے ماضی میں کمیٹیاں بھی قائم کی گئیں لیکن حکومت عملدرآمد کرنے سے گریزاں تھی۔
ملازمین کے مطالبات میں پنجاب طرز پر سپیشل الاؤنس کی ادائیگی، سیلف ہائرنگ جو پنجاب سیکرٹریٹ ملازمین کو دی جا رہی ہے اس کی ادائیگی، بیس فیصد پسری کوٹہ برائے ملازمین درجہ چہارم کی بحالی، پنجاب طرز پر ڈیتھ پیکیج میں اضافہ، آزادکشمیر میں ملازمین تنظیموں پر پابندیوں کا مکمل خاتمہ، سٹینو گرافرز کی پنجاب طرز پر اپ گریڈیشن کے مطالبے سمیت دیگر مطالبات شامل تھے۔ حکومت کی جانب سے مطالبات منظور کئے جانے کے بعد احتجاج کو باضابطہ طو رپر ختم کیا گیا۔ مظاہرین سے صدر ایسوسی ایشن شریف اعوان، سینئر نائب صدر چوہدری جاوید، گلبہار مغل جنرل سیکرٹری، خالد راٹھور ایڈیشنل سیکرٹری، طارق چغتائی جائنٹ سیکرٹری اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔