فیصل آباد (علی تراب) مورخہ 8 نومبر 2019ء بروز جمعہ کو پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے ”انقلابِ روس“ کی 102 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک روزہ مارکسی سکول کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں طلبہ، ڈاکٹرز، مزدوروں، اساتذہ اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
سکول، جو ایک سیشن پر مشتمل تھا، کا باقاعدہ آغاز دوپہر دو بجے ہوااور سکول کی چیئر کے فرائض علی تراب نے سرانجام دیے۔ ”اکتوبر انقلاب کیا ہے؟“ کے موضوع پر ڈاکٹر عمر رشید نے گفتگو کا آغاز کیا اور روس کے تاریخی پس منظر میں بالشویک انقلاب کی ناگزیریت، اہمیت، واقعات اور اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زار کے روس اور آج کے پاکستان کا بھی موازنہ کیااوراس کے ساتھ ساتھ 1968-69ء میں پاکستان میں برپا ہونے والی انقلابی تحریک، جس کی ابتدا بھی نومبر کے مہینے میں ہوئی تھی، کے واقعات پر بھی روشنی ڈالی۔
لیڈ آف کے بعد سوالات اورکنٹریبیوشنز کا سلسلہ شروع ہوا۔ جس میں اشرف کھوکھر، عارف ایاز، جون پال اور عصمت پروین نے بالشویک انقلاب کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ سیشن کے اختتام پر عمر رشید نے سوالات کے جواب دیے، پاکستان میں سوشلسٹ انقلاب کی ناگزیریت واضح کی اور انقلابی پارٹی کی تعمیر اور اہمیت پر زور دیا۔