میرپورخاص (عمران کمہار) انقلابی طلبہ محاذ (RSF) کی جانب سے مورخہ 21 جون بروز اتوار میرپور خاص میں ’کورونا وائرس اور آج کی دنیا‘ کے عنوان سے ایک لیکچر پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ممتاز آریسر نے سرانجام دیئے جبکہ موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کامریڈ راہول نے موجودہ حالات پر تفصیل سے بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا نے دنیا کی صورتحال بالکل تبدیل کرکے رکھ دیا ہے۔ اس نے سرمایہ داری کی بنیادوں میں موجود بحران کو بے نقاب کر دیا ہے۔ امریکی سامراج سمیت دنیا کا کوئی بھی ملک آج اس وبا کی وجہ سے گہرے ہونے والے معاشی اور سماجی بحران سے نہیں بچ سکا ہے۔ عالمی معیشت سکڑ رہی ہے اور آنے والے دنوں میں مزید سکڑنے کے امکانات موجود ہیں۔ بیروزگاری میں بدترین اضافہ ہورہا ہے اور غربت نے لوگوں کا جینا مشکل کردیا ہے۔ ایسے میں آنے والے دنوں میں لوگوں کا اٹھنا اور اس نظام سے بغاوت کرنا ناگزیر ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ایک انقلابی پارٹی کی بنیاد رکھتے ہوئے محنت کش طبقے کو وہ آلہ مہیا کریں جس سے سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کیا جاسکے اور ایک غیر طبقاتی معاشرے یعنی سوشلسٹ معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکے۔ تفصیلی لیکچر کے بعد سوالات کا سلسلہ شروع کیا گیا جبکہ عمران کمہار، کریم لغاری، نتھومل اور کامریڈ پرشوتم نے بحث میں حصہ لیا۔ جس کے بعد سوالات کی روشنی میں کامریڈ راہول نے بحث کو سمیٹا۔