حیدرآباد (کامران علی) عظیم انقلابی رہنما لیون ٹراٹسکی کے 80 ویں یوم شہادت کے موقع پر انقلابی طلبہ محاذ اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے حیدرآباد میں مورخہ 22 اگست کو ایک لیکچر پروگرام منعقد کیا گیا۔ جس میں حیدرآباد و جامشورو سے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ سمیت محنت کشوں نے شرکت کی۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض اکرم مصرانی نے ادا کئے جبکہ موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے راہول نے لیون ٹراٹسکی کی زندگی پر تفصیل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹراٹسکی نے اپنی پوری زندگی بین الاقوامی انقلاب اور انسانیت کے روشن مستقبل کے لئے وقف کر دی۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی جلا وطنی اور بد ترین حالات کا سامنا کرتے ہوئے گزاری مگر اپنے انقلابی نظریات سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔ وہ ٹراٹسکی ہی تھے جنہوں نے سرخ فوج کی تشکیل سمیت کئی ایسے کارنامے سرانجام دیئے جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

مسلسل انقلاب کے نظریات کو ساتھ لئے ٹراٹسکی نے انقلاب روس کو مسخ کرنے کی تمام تر سازشوں کو بے نقاب کیا اوراسٹالنزم کے جبر کا دلیری سے سامنا کرتے ہوئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھا۔ اسی کی پاداش میں انہیں 1940ء میں بے دردی سے اسٹالن نے قتل کروا دیا مگر ان کے نظریات اُن کی شہادت کے باوجود بھی آج ہماری نسل کے لئے مشعل راہ ہیں۔ اُن کی جدوجہد کو حقیقی معنوں میں تبھی خراج تحسین پیش کیا جا سکتا ہے جب ہم ان کے نظریات کو پھیلاتے ہوئے اس کرۂ ارض پر سوشلسٹ انقلاب برپا کریں۔ لیکچر کے بعد کامریڈ نتھو نے بھی بحث میں حصہ لیا جس کے بعد پروگرام کا باقاعدہ اختتام کیا گیا۔