حیدرآباد (جہامن آزاد) انقلابی طلبہ محاذ (RSF) کی جانب سے انقلاب ِ کیوبا کے معمار اور عظیم انقلابی ”چی گویرا“کے 53 ویں یوم ِ شہادت کے موقع پر اُن کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے ایک لیکچر پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں سے طلبہ نے شرکت کی۔ اکرم مصرانی نے چی گویرا کا تعارف کرواتے ہوئے شرکا کو خوش آمدید کیا اور اسٹیج سیکریٹری کے فرائض سرانجام دیئے۔
موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے رمیز مصرانی نے چی گویرا کی زندگی پر تفصیل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چی گویرا ہماری جدید تاریخ کے ایک عظیم انقلابی رہنما تھے۔ وہ پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر تھے مگر انہوں نے طبی بیماریوں کا علاج کرنے کے بجائے اس سماج کے ناسوروں اور زخموں کا علاج کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اپنی پرآسائش زندگی چھوڑ کر ایک کٹھن اور تکلیف د ہ راستے کا انتخاب کیا کیونکہ وہ پوری دنیا کو سرمایہ دارانہ نظام سے نجات دلانہ چاہتے تھے۔ وہ اپنی آخری سانس تک انہی انقلابی آدرشوں پر چلتے رہے مگر اپنے نظریات پر سودے بازی نہیں کی۔ فیڈل کاسترو سے ملاقات کے بعد وہ ایک پیشہ ورانہ انقلابی کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دیتے رہے اور مسلسل انقلاب کے لئے جدوجہد کرتے ہوئے شہید ہو گئے۔ رمیز کے تفصیلی لیکچر کے بعد کنٹریبیوشنز کا سلسلہ شروع ہوا۔ جس میں عمران کمہار اور ڈاکٹر ونود کمار نے حصہ لیا۔ اس کے بعد راہول نے سوالات کے جوابات کی روشنی میں پروگرام کا سم اپ کیا۔