لاہور (پی ٹی یو ڈی سی) مورخہ 12 نومبر 2020ء کو بالشویک انقلاب کی 103 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور انقلابی طلبہ محاذ (RSF) کے زیر اہتمام بختیار لیبر ہال میں ”بالشویک انقلاب کے 103 سال اور طلبہ و مزدور تحریک کے فرائض“ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف ٹریڈ یونینوں، مزدور تنظیموں اور طلبہ رہنماؤں نے شرکت کی۔ پروگرام کے آغاز میں حیدر عباس گردیزی کی وفات پر ان کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ بالشویک انقلاب آج کے عہد میں بھی مزدوروں، محنت کشوں اور مظلوموں کے لئے مشعل راہ ہے۔ موجودہ حکومت آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل درآمد کرتے ہوئے مزدور دشمن پالیسیوں کا نفاذ شدت سے کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں تمام عوامی اداروں کو بیچا جا رہا ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر جبری برطرفیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہمیں ہر محاذ پر آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے خلاف اور اس ظالم نظام کے خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رکھنا ہو گی۔ اس کے علاوہ سیمینار میں ریڈیو پاکستان، صحافیوں، نادرا پاکستان اور پی ٹی ڈی سی سمیت تمام اداروں میں جبری برطرفیوں اور مزدور دشمن پالیسیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
مقررین میں عمران کامیانہ مترجم انقلاب روس کی تاریخ، افضال گیلانی پی ٹی سی ایل پنشنرز، ریاض قادری صوبائی صدر پنجاب آل پاکستان کلاس فور ایسوسی ایشن، سریر خان صوبائی صدر ایپکا پاکستان خیبر پختونخواہ، عبد المناف آل پاکستان ایمپلائز کنفیڈریشن، راجہ آصف صدر سول ایوی ایشن ایمپلائز یونٹی اسلام آباد، خاور قریشی پیپلز ورکرز یونین پاکستان سٹیل ملز، حافظ لطیف اللہ مرکزی جنرل سیکرٹری پی ٹی سی ایل ورکرز فیڈریشن، ریحانہ سلہری رہنما ریڈیو پاکستان ملازمین، ملک سلیم مرکزی آرگنائزر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ورکرز یونین، اویس قرنی انقلابی طلبہ محاذ، خواجہ حسن آفتاب سیکرٹری فنانس پنجاب یونین آف جرنلسٹس، شرافت اللہ زئی مرکزی صدر آل پاکستان پیرا میڈیکس فیڈریشن، اسلم خان مرکزی چیئرمین ایپکا پاکستان و رہبر آل پاکستان ایمپلائز، پنشنرز و لیبر تحریک اور پی ٹی یو ڈی سی پنجاب کے صدر و سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل آف پاکستان الیاس خان شامل تھے۔