کراچی (ارشاد علی) کراچی میں انقلاب روس کی 103ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت نامور صحافی، سیاسی و معاشی تجزیہ نگار نجم الحسن عطا نے کی۔ یہ تقریب پی ٹی یو ڈی سی کراچی کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔ جس میں پی ٹی یو ڈی سی، آر ایس ایف، جے کے این ایس ایف کے کارکنان، وکلا، صحافیوں، خواتین اور دیگر اداروں کے محنت کشوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر لال خان کی تحریر ’کیا سوویت یونین کا انہدم سوشلزم کی ناکامی نہیں؟‘ کی تقریب رونمائی کی گئی اور نواز بلوچ کی کاوش کو سرایا گیا۔ تقریب کا موضوع ’بالشویک انقلاب اور آج کا روس‘ تھا۔ اس پر مقررین نے انقلاب روس کی حاصلات، محنت کشوں کی سرکشی کے مختلف پہلوؤں اور سٹالنزم کی ناکامی کے اثرات کو زیر بحث لایا اور انقلاب کے بعد کے روس کا موجودہ روس سے تقابلی جائزہ پیش کیا۔

مقررین میں نجم الحسن عطا، شہید ذوالفقار علی بھٹو لا کالج کے طالب علم رہنما حاتم لنڈ، آر ایس ایف کے رہنما فیاض چانڈیو، ہوٹل ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ملک غلام محبوب، پی ٹی یو ڈی سی کے رہنما ماجد میمن، سینئر صحافی اجمل ملک، ارشاد علی اور دیگر شامل تھے۔ پروگرام کے اسٹیج سیکرٹری جنت حسین تھے۔ آخر میں انٹر نیشنل گا کر تقریب کا اختتام کیا گیا۔