دادو (ضیا زؤنر) مورخہ 13 دسمبر کو لطیف لیبر ہال دادو میں کامریڈ نتھو مل اور کامریڈ کھبڑ خان کی یاد میں طبقاتی جدوجہد دادو کی جانب سے تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا۔ جس میں حیدرآباد سے کامریڈ نتھو مل کے بیٹے ڈاکٹر ونود کمار بطور مہمان خاص شریک ہوئے۔ دیگر مہمان میں انور پنہور، قادر بخش سیلرو، غلام اللہ سیلرو، سعید خاصخیلی اور ایسر داس شامل تھے۔ پروگرام کی چیئر کے فرائض صدام خاصخیلی نے سرانجام دیئے جبکہ حنیف مصرانی نے آئے ہوئے مہمانوں کو ویلکم کیا۔ پروگرام میں سعید واہوچو، ستار مگنہار، سکندر زؤنر اور راہول نے بھی کامریڈ نتھو مل اور کامریڈ کھبڑ خان کی زندگی پر بات رکھی اور کہا کہ کامریڈ نتھو مل اور کامریڈ کھبڑ خان مرتے دم تک عظیم انقلابی رہے، جنہوں نے ہمیشہ مزدور اور ہاری طبقے کے لیے کام کیا۔ ایسے لوگ عظیم ہوتے ہیں جو اپنی زندگی کے آخری لمحات تک مزدور تحریک کے لیے سرگرم عمل رہیں اور کامریڈ نتھو مل اور کامریڈ کھبڑ خان بھی ایسے لوگوں میں سے تھے۔ پروگرام کے دوران اعجاز بگھیو نے وہ گیت گایا جو کامریڈ نتھو مل اکثر انقلابی پروگراموں میں گایا کرتے تھے۔ پروگرام کا اختتام مزدور ترانے کے ساتھ ہوا۔