میر پور خاص

میر پور خاص (محمد حسین آریسر) پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور طبقاتی جدوجہد کی جانب سے مارکسی رہنما کامریڈ نتھو مل کی یاد میں مورخہ 3 جنوری کو میر پور خاص میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا جس میں گرد و نواح کے مختلف شہروں سے محنت کشوں اور نوجوانوں سمیت کامریڈ نتھو مل کے پرانے ساتھیوں نے شرکت کی۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض محمد حسین آریسر نے انجام دیئے جبکہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کریم لغاری، راہول، ایسرداس، پرشوتم، عمران کمہار، کپل دیو، رانو راٹھور، ممتاز آریسر، رتن کمار، شبیر سانگی، خالد جٹ اور اسلم مہرنے کہا کہ کامریڈ نتھو جیسے انقلابی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ کامریڈ نتھو لا محدود صلاحیتوں کے مالک ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی بہادر اور ایک اعلیٰ ظرف انسان تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی محنت کشوں کی ایک بین الاقوامی تنظیم تعمیر کرنے کے لئے وقف کی اور تا دم ِمرگ وہ اسی جدوجہد میں جُٹے رہے۔ اُن کی جدوجہد کو حقیقی خراج تبھی ادا کیا جا سکتا ہے جب اُن کے مشن کو آگے بڑھایا جائے اور سوشلسٹ انقلاب کے لئے کی جانے والی اُن کی جدوجہد کو منظقی انجام تک پہنچایا جائے۔ آخر میں انٹرنیشنل گا کر پروگرام کا اختتام کیا گیا۔

میرپور بٹھورو

میر پور بٹھورو (سکندر زئنور) مورخہ 3 جنوری بروز اتوار کو پریس کلب میر پور بٹھورو میں کامریڈ نتھو مل کی یاد میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور طبقاتی جدوجہد کی جانب سے تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا۔ جس کی صدارت ’PTUDC‘ کے صوبائی جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ نثار احمد چانڈیو نے کی جبکہ پروگرام کے مہما ن خاص نتھو مل کے فرزند ڈاکٹر ونود کمار تھے۔ پروگرام میں گوپال، ایوب کمہار اور محمد کھوسو نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ پروگرام کا باقائدہ آغاز کرتے ہوئے جبار زئنور نے تمام آئے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کیا۔ جس کے بعد سکندر زئنور، عباس بھرانی اور نبی سوھو سمیت دیگر مقررین نے کامریڈ نتھو مل کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کامریڈ نتھو مل تنظیم کی تعمیر اور ترقی کے لئے ہمیشہ سرگرم رہے، مشکل حالات میں جرات مندی اور بہادری سے ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کیا۔ وہ کبھی بھی مایوس نہیں ہوئے اور ہر پروگرام کو انقلابی نغموں سے سرشار کرتے رہے۔ اُن کی انقلابی جدوجہد کو تاریخ میں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا کیونکہ وہ ایک ایسے انتھک انقلابی تھے جنہوں نے سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد کو مرتے دم تک جاری رکھا۔ پروگرام میں واجد نے انقلابی نظم پیش کی جبکہ اصغر میمن نے کامریڈ نتھو کی جدوجہد کو اپنی نظم کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا۔