راولاکوٹ (بدر رفیق) جموں کشمیر نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام این ایس ایف کے مرکزی سیکرٹری ایٹ میں ایک روزہ مارکسی سکول کا انعقاد کیا گیا۔ سکول میں پونچھ میڈیکل کالج اور جامعہ پونچھ کے طالبعلموں سمیت دیگر طلبہ اور نوجوانوں نے شرکت کی۔
سکول مجموعی طور پر دو سیشنوں پر مشتمل تھا، جسے سابق ایڈیٹر عزم التمش تصدق نے چیئر کیا۔ پہلے سیشن میں ”مارکسزم کے تین اجزائے ترکیبی“ پر بحث کی گئی۔ ایجنڈے پر بحث کا آغاز پونچھ میڈیکل کالج یونٹ کے چیئرمین سعد الحسن نے کیا۔ اپنی لیڈ آف میں کامریڈ نے مارکسزم کے پس منظر، جدلیاتی مادیت، تاریخی مادیت اور مارکسی معیشت پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اس ایجنڈے پر بعد ازاں خلیل بابر، شہزاد اسماعیل، اویس رفیق اور دیگر نے بحث کی۔ آخر میں جامعہ پونچھ کے سابق چیئرمین کامریڈ مجیب خان نے سیشن کی بحث کو سمیٹا۔
سکول کے دوسرے سیشن میں ”انقلابی پارٹی کی تعمیر“ کو زیر بحث لایا گیا۔ اس ایجنڈے پر جے کے این ایس ایف کے چیف آرگنائزر تیمور سلیم نے بحث کا آغاز کیا۔ تیمور سلیم نے اپنی لیڈ آف میں انقلابی پارٹی کی تعمیر کے طریقہ کار اور بالخصوص موجودہ کیفیت میں 09 اکتوبر کو مظفرآباد میں ہونے والے جے کے این ایس ایف کے مرکزی کنونشن کی اہمیت، تیاریوں اور مہم کے دوران ہونے والی سرگرمیوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ حارث قدیر، سبحان عبدالمالک، بدر رفیق اور دیگر نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے ایجنڈے کو آگے بڑھایاجبکہ التمش تصدق نے سکول کی تمام تر بحث کو سمیٹا۔ آخر میں تمام کامریڈز نے انٹرنیشنل گا کر سکول کا باقاعدہ اختتام کیا۔