مظفرآباد (حارث قدیر) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی کنونشن میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا ہے کہ ممبر قومی اسمبلی علی وزیر کو فی الفور اور غیر مشروط رہا کیا جائے، ’MDCAT‘ کا ٹیسٹ فوری طورپر دوبارہ اور ایک ہی روز میں لیا جائے، این ایل ای ٹیسٹ کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ طلبہ یونین کی بحالی، بے تحاشہ مہنگائی کا فوری خاتمہ کرنے، دہشت گردی کی سرکاری سرپرستی بند کرنے کے علاوہ جموں کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان سمیت برصغیر پاک و ہند کی تمام محکوم قومیتوں کو غیر مشروط و غیر محدود حق خودارادیت فراہم کئے جانے کا مطالبہ کیا گیا۔ افغانستان میں جاری سامراجی کھلواڑ بند کرتے ہوئے افغان محنت کشوں اور نوجوانوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی فیصلہ سازی کاحق و اختیار دیا جائے۔ قومی محرومی سمیت غربت، جہالت، مہنگائی، بیروزگاری، دہشت گردی اور دیگر سیاسی، سماجی اور معاشی مسائل  کا حل سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے سرمایہ داری نظام کا خاتمہ قرار دیا گیا۔ مورخہ 9 اکتوبر 2021ء کو ’سوشلسٹ جموں کشمیر کنونشن‘ کے نام سے منعقدہ این ایس ایف کے اکیسویں مرکزی کنونشن میں جموں کشمیر کے مختلف اضلاع سمیت پاکستان کے مختلف شہروں سے سینکڑوں نوجوان مرد و خواتین شریک ہوئے۔

کنونشن کا آغاز ہفتہ کے روز مختلف شہروں سے قافلوں کی مظفر آباد آمد سے ہوا۔ جس کے بعد ڈگری کالج مظفر آباد سے ’طلبہ حقوق کارواں‘ کے عنوان سے احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کے شرکا نے مہنگائی، بیروزگاری، غربت، جہالت، قومی و طبقاتی غلامی کے خلاف اور طلبہ حقوق کی بازیابی کیلئے نعرے بازی کی۔ ریلی کا اختتام اپر اڈہ میں ہوا جہاں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن کے پہلے حصے کی صدارت مرکزی صدر ابرار لطیف نے کی جبکہ دوسرے حصے کی صدارت نو منتخب مرکزی صدر خلیل بابر نے کی۔

کنونشن سے انقلابی رہنما الیاس خان (سیکرٹری جنرل پی ایل ایف، سابق اٹارنی جنرل و مرکزی رہنما پی ٹی یو ڈی سی)، اویس قرنی (مرکزی آرگنائزر آر ایس ایف)، بشارت علی خان (سابق مرکزی صدر این ایس ایف)، عالیہ امیر علی (سابق جنرل سیکرٹری این ایس ایف پنجاب و رہنما اے ڈبلیو پی)، ڈاکٹر چنگیز ملک (مرکزی جوائنٹ سیکرٹری پی ٹی یو ڈی سی)، شجاعت کاظمی (چیئرمین پیپلز لیبر بیورو)، عمر رشید (سیکرٹری اطلاعات پی ٹی یو ڈی سی)، قیصر جاوید (پی ایس سی لاہور)، اکرام اللہ (پی آر ایس ایف)، چوہدری جہانزیب (ضلعی صدر پی ایس ایف چکوال)، راشد شیخ (سابق مرکزی صدر این ایس ایف)، عدنان خان (نو منتخب سینئر نائب صدر این ایس ایف)، تیمور سلیم (چیف آرگنائزر این ایس ایف)، شفقت رحیم داد (چیئرمین شعبہ نشرو اشاعت)، مروت راٹھور (سینئر نائب صدر)، ڈاکٹر سعد الحسن (نو منتخب چیئرمین سٹڈی سرکل)، مجیب خان (چیئرمین جامعہ پونچھ)، ادیبہ علی (آرگنائزر آر ایس ایف فیصل آباد)، انعم اختر (نو منتخب جوائنٹ سیکرٹری این ایس ایف)، علی ارشد خان (آرگنائزر پوسٹ گریجویٹ کالج راولاکوٹ), حاتم خان (آرگنائزر آر ایس ایف کراچی)، ماہ نور بلوچ (بلوچستان) اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ کنونشن میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض ارسلان شانی (ڈپٹی چیئرمین شعبہ مالیات) اور باسط ارشاد باغی (نو منتخب سیکرٹری جنرل) نے مشترکہ طور پر سرانجام دیئے۔ نو منتخب ایڈیٹر ’عزم‘ بدر رفیق نے کنونشن کی قراردادیں پیش کیں۔ اویس رفیق، عمر عبداللہ، مریم حارث، بدر رفیق اور دیگر نے انقلابی ترانے پیش کیے۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جموں کشمیر کی قومی آزادی کے حصول اور سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمے کی جدوجہد کو برصغیر بھر کے محنت کشوں اور نوجوانوں کے ساتھ جوڑتے  ہوئے سوشلسٹ انقلاب کی حتمی فتح تک جاری رکھا جائیگا۔