ملتان (پی ٹی یو ڈی سی ملتان) مورخہ 14 نومبر 2021ء کو پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ ملتان کے زیر اہتمام بالشویک انقلاب کی 104 ویں سالگرہ کی تقریب تھلہ واعظ والا بیرون دہلی گیٹ پر منعقد کی گئی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ملتان کے آرگنائزر ندیم پاشا نے سر انجام دئیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہونے واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین کے رہنما طارق چوہدری، پاکستان پیپلز پارٹی ملتان شہر کے صدر ملک نسیم لابر، ذیشان شہزاد، اسلم انصاری، سلیم راجہ اور آر ایس ایف ملتان کے رہنما احمد سلہری نے 104 سال قبل روس میں برپا ہونے والے سوشلسٹ انقلاب اور بالشویک پارٹی کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی اور ان اسباق کی روشنی میں آج پاکستان میں جدوجہد کو تیز، منظم اور وسیع کرنے کا عزم کیا۔ سردار خضر اور شہباز نے انقلابی شاعری پیش کی اور سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
بالشویک انقلاب کی سالگرہ کی تقریب کے بعد مہنگائی، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی لوٹ مار اور ڈاکہ زنی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ سالگرہ کی تقریب اور احتجاجی مظاہرے میں ذیشان بٹ، عاصم خان، احسن خان غلزئی، ساقی، شیخ رضی، عمر امین سلہری، جہانزیب، شاہزیب، نوید ہاشمی ایڈووکیٹ، سعد احمد ایڈووکیٹ، اظہار خالد، بابر خان مہمند ایڈووکیٹ، شہباز ڈوگر اور دیگر محنت کشوں، طلبہ اور نوجوانوں نے بھر پور شرکت کی۔