فاضل پور (عطا اللہ) مورخہ 21 نومبر 2021ء بروز اتوار کو فاضل پور میں ایک روزہ مارکسی سکول کا انعقاد کیا گیا۔ سکول مجموعی طور پر دو سیشنوں پر مشتمل تھا۔ پہلا سیشن ”موجودہ سیاسی صورتحال اور نوجوانوں کا کردار“ تھا جس کو چیئر سقراط نے کیا اور بحث کا آغاز عرفان پتافی نے کیا۔ کامریڈ نے پوری دنیا میں ہونے والے سیاسی اور معاشی حالات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام انسانی سماج کو آگے بڑھانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور پوری دنیا میں محنت کشوں کی جدوجہد اور تحریکیں مسلسل اس نظام کے خلاف عمل پیرا ہیں۔ لیڈ آف کے بعد طیب، باسط، سچل، سقراط اور شہریار ذؤق نے بحث کو مزید آگے بڑھایا۔ سیشن کا سم اپ رؤف لنڈ نے تمام سوالات کے جوابات کی روشنی میں کیا۔
دوسرے سیشن کو چیئر خلیل بھٹی نے کیا جس میں ”ریاست اور انقلاب“ کے موضوع پر بحث کا آغاز فخر نے کیا۔ کامریڈ نے ریاست کے تاریخی ارتقا اور طبقاتی تقسیم کی سائنسی وجوہات کو بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست نہ تو روز اؤل سے اس سماج میں موجود تھی اور نہ ہی ہمیشہ رہے گی بلکہ یہ سماجی ارتقا مخصوص حالات میں پیدا ہوا اور ریاست جبر کے آلہ کار کی حیثیت سے سماج پر مسلط ہوئی۔ اس طبقاتی سماج میں طبقاتی تضادات جب تیز ہوتے ہیں تو ریاست کے اندر طبقاتی جدوجہد آگے بڑھتی ہے اور ایک غیر طبقاتی سماج کے قیام کا عمل سامنے آتا ہے۔ مگر یہ سب محنت کشوں کی عملی سیاسی جدوجہد کے بغیر ناممکن ہے۔ لیڈ آف کے بعد سقراط، طیب، سچل، عدنان اور رؤف لنڈ نے بحث میں حصہ لیا۔ سیشن کا شہریار ذؤق نے تمام بحث کو سمیٹتے ہوئے سم اپ کیا۔ سکول کا باقاعدہ اختتام انٹرنیشنل گا کر کیا گیا۔