ملتان (ذیشان بٹ) پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین اور ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ ملتان کے زیر اہتمام عظیم مارکسسٹ ٹراٹسکائیٹ دانشور ڈاکٹر لال خان کی تیسری برسی کے موقع پر ان کی کتاب ”منتخب تصانیف“ کی تقریب رونمائی ڈسٹرکٹ بار ہال ضلع کچہری ملتان میں منعقد کی گئی۔ جس کی صدرات چوہدری طارق ایڈووکیٹ نے کی جبکہ مہمان خصوصی عمران کامیانہ، انٹرنیشنل سیکرٹری پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین، اویس قرنی، مرکزی آرگنائزر ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ اور محمد الیاس خان، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ و مرکزی رہنما پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین تھے۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ندیم پاشا نے سرانجام دیئے جبکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عالمی سامراجی مالیاتی اداروں اور آئی ایم ایف کی مالیتی پالیسیوں نے دنیا بھر میں بالعموم اور پاکستان میں بالخصوص محنت کش طبقے کو مہنگائی، بیروزگاری، لاعلاجی اور لا علمی کی گہری کھائی میں دھکیل دیا ہے۔ جس سے نجات کیلئے محنت کش طبقے کو منظم ہوتے ہوئے ایک سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے سرمایہ داری اور عالمی سامراجی مالیاتی اداروں کو اکھاڑ پھینکنا ہو گا اور یہی کامریڈ لال کو خراج تحسین پیش کرنے کا واحد راستہ ہے۔

تقریب سے انقلابی و سیاسی رہنماؤں اور بڑی تعداد میں وکلا اور ٹریڈ یونین و طلبہ رہنماؤں نے خطاب کیا جن میں عمران کامیانہ، اویس قرنی، الیاس خان، ندیم پاشا، واپڈا ہائیڈرو یونین کے رہنما ذیشان شہزاد، پیپلز پارٹی کے دیرینہ نظریاتی کارکن باؤ نفیس انصاری، پاوور لومز مزدور رہنما اسلم انصاری، پی ایل ایف کے رہنما عاصم پرویز اور نوشید عارف گوندل، طارق چوہدری، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے انقلابی طالب علم سرمد، پی وائی او کے رہنما سید عارف شاہ، آغا سکینہ منیر،عاصم خان و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر طبقاتی جدوجہد پبلیکیشنز کے زیر اہتمام بک سٹال بھی لگایا گیا تھا۔