کوئٹہ (آفتاب) آج مورخہ 19 مارچ کو طبقاتی جدوجہد کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب میں ’کامریڈ لال خان کی منتخب تصانیف‘ کی پروقار تقریب رونمائی منعقد کی گئی۔ جس میں کوئٹہ، مستونگ، نوشکی، لورالائی، خضدار، قلات، ژوب، تربت، دالبندین سمیت بلوچستان بھر سے مختلف اداروں اور شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے دو سو سے زائد طلبہ و محنت کشوں نے شرکت کی۔ خواتین کی ایک بڑی تعداد نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز ظفر نے انقلابی ترانے سے کیا۔ آفتاب نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیے جبکہ مہمان خصوصی پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے انٹرنیشنل سیکرٹری اور طبقاتی جدوجہد کے مرکزی رہنما عمران کامیانہ تھے۔ اس کے علاوہ ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ کے مرکزی آرگنائزر کامریڈ اویس قرنی، بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی چیئرمین چنگیز، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر جہانگیر بلوچ، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے رہنما عبدالرحمن، صوبائی ورکنگ کمیٹی نیشنل پارٹی کے صدیق کھیتران، مرکزی نائب صدر نیشنل پارٹی ڈاکٹر اسحاق بلوچ، مزدور رہنما حبیب مینگل بھی مقررین شامل تھے۔

مقررین نے کامریڈ لال خان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی تحریروں کو مجموعہ کی شکل میں ترتیب دینے پر طبقاتی جدوجہد پبلیکیشنز کو سراہا۔ اس موقع پر کامریڈ لال خان کے نظریات اور آج کے عہد میں سوشلسٹ انقلاب کی ضرورت و اہمیت پر مختلف زاویوں سے روشنی ڈالی گئی۔ تقریب کا باقاعدہ اختتام محنت کشوں کے عالمی ترانے انٹرنیشنل سے کیا گیا۔